مظفرآباد:امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کا کرب مشترکہ ،دونوں نے ظالم کی مزاحمت کی تاریخ رقم کی۔ بھارت اور اسرائیل کا مسلمانوں کے خلاف ایکا ہے، ہندوستان کشمیر میں دہشت گردی اور کشمیریوں کی نسل کشی کر رہاہے، 76 سال سے قابض بھارت کو کشمیر پر اپنے غاصبانہ قبضے میں اسرائیل کی حمایت حاصل ہے، غاصب ممالک کا سفارتی اور تجارتی بائیکاٹ ہو جائے تو کشمیریوں اور فلسطینیوں کو آزادی مل جائے گی۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ وہ وقت دور نہیں جب مسجد اقصیٰ آزاد ہوگی اور اولیا کی سرزمین کشمیر پر بھی بھارت کے تسلط کا خاتمہ ہوگا۔ مظفرآباد سے بھارت کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ کشمیریوں پر مظالم سے باز آجائے۔اسلامی ممالک کے حکمران غزہ پر خاموشی توڑیں ، صہیونی جارحیت کے خلاف عملی اقدامات کیے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفرآباد آزاد کشمیر میں فلسطین و کشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر مشتاق خان، ڈائریکٹر شعبہ امور خارجہ آصف لقمان قاضی،ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ شکیل احمد،،نائب امیرآزاد کشمیر شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ اور امیر ضلع مظفرآبادراجہ آفتاب عزیر غزالی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
امیر جماعت نے اسلامی ممالک کی حکومتوں کو باور کرایا کہ مسئلہ فلسطین اور کشمیر قراردادوں سے حل نہیں ہوں گے، مظلوم امت کو انصاف دلانے کے لیے حکمرانوں کو حمیت و غیرت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکمرانوں نے مقبوضہ کشمیر کی خودمختاری ختم کرنے کے بھارتی فیصلہ پر نرم لہجہ اپناتے ہوئے لفظی مذمتوں پر اکتفا کیا، اسلام آباد کی خاموشی سے بی جے پی کو شہ ملی، مقبوضہ وادی میں ہندوانتہا پسندوں کی لاکھوں میں آبادکاری ہوئی، کشمیر دنیا کا سب سے بڑا جیل خانہ ہے، بھارت نے ہزاروں نوجوانوں کو جیل میں ڈالا، کشمیری قیادت بھی قید میں ہے۔ اقوام متحدہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کو انصاف نہیں دلا سکی، مغرب و امریکا بھار ت اور اسرائیل کی پشت پناہی کررہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستا ن میں فوجی و سول حکومتوں کے ادوار میں کشمیریوں کی آزادی کے لیے کچھ نہیں کیا گیا، پیپلزپارٹی، ن لیگ اور پی ٹی آئی کی حکومتوں نے عوام کے مسائل حل کیے نہ خارجی محاذوں پر کوئی کامیابی دکھائی، ان کے ہوتے ہوئے کشمیریوں کو حق نہیں ملے گا، فلسطین کاز کے لیے کچھ نہیں ہوگا۔فلسطینیوں اور کشمیریوں کی آزادی کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان میں جماعت اسلامی اقتدار میں آئے، عوام 8 فروری کو ترازو کا انتخاب کریں، ہم ملک کو ترقی و خوشحالی دیں گے اور امت کی حقیقی ترجمانی کریں گے۔
سراج الحق کا کہناتھا کہ ہندوستان کشمیر میں دہشت گردی اور کشمیریوں کی نسل کشی کر رہاہے، 76 سال سے قابض بھارت کو کشمیر پر اپنے غاصبانہ قبضے میں اسرائیل کی حمایت حاصل ہے، غاصب ممالک کا سفارتی اور تجارتی بائیکاٹ ہو جائے تو کشمیریوں اور فلسطینیوں کو آزادی مل جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے فلسطین و کشمیر کی آزادی کے حق میں منظور شدہ قراردادوں کے باوجود بھی عالمی ادارہ ان پر عمل درآمد نہیں کر اسکا۔