کوپ اجلاس میں اسرائیل کی شرکت پر ایران کا شدید ردعمل

447

ابوظہبی : ایران کے صدر ابراہیم رئیسی متحدہ عرب امارات میں ہونے والے اقوام متحدہ کے موسمیاتی تبدیلی کے اجلاس میں صیہونی حکام کو دعوت دیئے جانے کی وجہ سے احتجاجا شرکت نہیں کریں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سی او پی ( کوپ) اقوام متحدہ کا سالانہ موسمیاتی اجلاس ہے، جس میں موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا جاتا ہے ایران کے صدر صیہونی حکومت کے حکام کی اس کانفرنس میں شرکت کیخلاف احتجاجا شریک نہیں ہونگے اور انکی جگہ توانائی کے وزیر علی اکبر محرابیان کانفرنس میں شامل ہونے کے لیے دبئی روانہ ہوگئے ہیں۔

ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے اماراتی ہم منصب کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو میں اقوام متحدہ کی طرف سے اس بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد اور متحدہ عرب امارات کی صدارت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کانفرنس میں قابض صیہونی حکومت کے اہلکاروں کی موجودگی پر تحفظات کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آلنہیان نے برکس اجلاس کے موقع پر حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات میں سید ابراہیم رئیسی کو موسمیاتی تبدیلی کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی تھی۔