العزیزیہ ریفرنس: نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیل سماعت کیلیے مقرر

294
name of Medina

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل سماعت کے لیے مقرر کرلی گئی۔

نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم کی اپیل پر سماعت 7 دسمبر کے لیے مقرر کی ہے جس کی سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کریں گے۔

دریں اثنا  ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کا مختصر تحریری فیصلہ بھی جاری کر دیا گیا جس میں لکھا ہے کہ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے مریم نواز اور کیپٹن ر صفدر کیس کے فیصلے کا حوالہ دیا۔

فیصلے کے مطابق مریم نواز اور کیپٹن ر صفدر کے بریت کے فیصلے میں اس عدالت نے آبزرویشن دی تھی۔ عدالتی آبزرویشن میں کہا تھا نیب کے پاس نواز شریف کے خلاف کیس ثابت کرنے کے لیے کوئی دستاویزی شواہد موجود نہیں۔ مریم نواز اور کیپٹن ر صفدر کی بریت کا فیصلہ کہیں بھی چیلنج نہیں کیا گیا۔

عدالت نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیل منظور اور بری کرنے کا حکم دیتی ہے، بریت کی وجوہات کا تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔