کراچی میں  حماس مجاہدین اور اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلیے ریلی کا انعقاد

725

کراچی: سول سوسائٹی کے تحت شہر قائد میں حماس مجاہدین اور اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنماؤں اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

شاہراہ قائدین طارق روڈ تا مزار قائد فلسطین یکجہتی مارچ میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سمیت جماعت اسلامی کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور حماس کے مجاہدین و اہل فلسطین سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا۔اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری، سٹی کونسل میں جماعت اسلامی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر قاضی صدر الدین،پیما کراچی کے صدر ڈاکٹر عبد اللہ متقی، سینئر ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات صہیب احمد،جے آئی یوتھ کراچی کے صدر ہاشمی ابدالی بھی موجود تھے۔

ریلی میں حافظ نعیم الرحمن نے پرجوش نعرے لگائے اور شرکا نے بھرپور انداز میں جواب دیا۔ فلسطین یکجہتی مارچ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ سول سوسائٹی کے تحت فلسطین یکجہتی مارچ خوش آئند ہے،آج کراچی کے شہری بڑی تعداد میں موجود ہیں اورفلسطین کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری ایک ہی بات کررہے ہیں کہ مسئلہ فلسطین کا کوئی دو ریاستی حل نہیں، ریاست صرف اور صرف فلسطین کی قائم ہوگی۔ بد قسمتی سے پاکستان کے حکمران امریکا اور اسرائیل کی مذمت نہیں کرتے اور نہ حماس کے مجاہدین کی حمایت کرتے ہیں۔

امیر جماعت کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے تحت بھی امریکا و اسرائیل کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور ہم اہل غزہ و فلسطین کی امداد کے لیے ریلیف فنڈز بھی جمع کررہے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ زبانی جمع خرچ کے بجائے اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف اقدامات کیے جائیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ فلسطین کے سابق وزیر اعظم اسماعیل ہنیہ کی جانب سے پیغام ہے کہ اسرائیل کے خلاف احتجاج جاری رکھا جائے۔ کراچی سمیت پورے ملک کے عوام کو چاہیے کہ وہ اپنے حکمرانوں اور الیکشن میں حصہ لینے والی پارٹیوں سے کہیں کہ امریکا و اسرائیل کی مذمت اور حماس کے مجاہدین کی حمایت کریں ورنہ ہم سے ووٹ نہیں مانگیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسجد اقصی مسلمانوں کا قبلہ اول ہے، اس کی حفاظت کی ذمے داری تمام مسلمانوں پر فرض ہے۔ صیہونی گریٹر اسرائیل کا خواب دیکھ رہے ہیں اور مکہ و مدینہ کو بھی گریٹر اسرائیل میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔پوری دنیا کے عوام اہل غزہ اور فلسطین سے حمایت کررہے ہیں۔ حماس کے مجاہدین  نے اسرائیل و امریکا اور ان کے آلہ کاروں کے غرور کو خاک میں ملادیا ہے۔