اسلام آباد: امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ اسرائیل ،مجاہدین کے ہاتھوں نیست و نابود ہو کر رہے گا، اسرائیلی کمپنیوں کی مصنوعات کے بائیکاٹ کی نوجوان گھر گھر مہم چلائیں،عالم اسلام کے حکمرانوں پرغزہ فسلطین کے حوالے سے تاحال بے حسی طاری ہے۔
پاک چین دوستی مرکز میں اسلامی جمیعت طلبہ اسلام آباد کے تحت ،، کیپٹل یوتھ ایکسپو2023سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ اب تو شہید فلسطینی بچوں کو دفنانے کے لیے کفن بھی نہیں ہیں، چاروں طرف بمباری آگ و بارود آہ و بکاہ ہے، انتخابات میں اچھے با صلاحیت دیانتدار امیدواروں کا چناؤ ہی مسائل کا حل ہے ۔
سراج الحق نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی درندگی کو 49 دن ہو گئے ہیں، امریکا ، اسرائیل ، فرانس ، جرمنی نے ملکر حملہ کیا، ساڑھے 13 ہزار فلسطینی شہید ، ننھے فرشتے بارود میں جل گئے چاند تارے ماؤں کی گود میں شہید ہو گئے اب تو بچوں کے لیے وہاں دودھ کی بوتل بھی نہیں ہے ۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ فلسطینی ماؤں بہنوں بزرگوں کو اتنے دنوں سے کھانا نہیں ملا، دفنانے کے لیے کفن نہیں ہے، چاروں طرف سے غزہ کا محاصرہ ہے بمباری آگ و بارود آہ و بکاہ ہے لیکن دنیا نے دیکھا کہ 37 دن کے بعد ملبے سے ایک بچہ زندہ سلامت برآمد ہوا زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے ۔
انہوں نے مزید کہاکہ افسوس ہے بے حس حکمرانوں پر جنکا تعلق عالم اسلام سے بھی ہے ۔ پاکستان کے صدر وزیر اعظم سمیت کسی مسلمان سربراہان مملکت نے اہل غزہ کے ساتھ کھڑے ہونے کے لیے موثر بیان نہیں دیا بلکہ دو ریاستی حل پیش کیا جا رہا ہے ۔