عمران خان ہی پارٹی چیئرمین تھے، تاحیات وہی رہیں گے، بیرسٹر گوہر

314

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے نامزد چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ عمران خان ہی پارٹی چیئرمین تھے اور تاحیات وہی رہیں گے۔

وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ مجھ پر اعتماد کرنے کی وجہ سے عمران خان کا شکریہ اداکرنے کے الفاظ نہیں ہیں۔ میں ان کے نمائندے کی حیثیت سے ذمے داری  نبھاؤں گا۔ عمران خان جیل میں ہوں یا باہر، لیڈر وہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنی نئی ذے داری تب تک نبھاؤں گا جب تک خود عمران خان اپنی اس سیٹ پر واپس نہیں آ جاتے اور وہ وقت دور نہیں ہے، ممکن ہے کہ کل ہی ایسا ہو جائے۔ ہمارا نظریہ، پارٹی، کام، جدوجہد سب آغاز سے عمران خان ہی نے چلایا ہے اور آئندہ بھی ان ہی کا نظریہ رہے گا۔