عمران خان پر 30 نومبر کو فرد جرم عائد کی جائے گی، الیکشن کمیشن کی کاز لسٹ جاری

521
the notification

اسلام آباد:چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 30 نومبر کو ہوگی، جس میں ان پر فرد جرم عائد کی جائے گی، اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کی جانب سے کاز لسٹ جاری کردی گئی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق توہین الیکشن کمیشن اور توہین چیف الیکشن کمشنر کیسز سماعت کے لیے مقرر ہو گئے۔ علاوہ ازیں چیئرمین پی ٹی آئی کی پیشی سے متعلق وزرات داخلہ کی رپورٹ پر بھی محفوظ فیصلہ سنایا جائے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 30 نومبر کو ہو گی، جس میں فرد جرم کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعظم عمران خان کو 30 نومبر کو پیش ہونے کے لیے نوٹس جاری کر دیا ہے۔

کاز لسٹ کے مطابق الیکشن کمیشن 30 نومبر کو عمران خان پر چیف الیکشن کمشنر کے خلاف توہین آمیز بیانات دینے پر فرد جرم عائد کرے گا۔عمران خان کے علاوہ اسد عمر، فواد چودھری کے خلاف بھی توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 30 نومبر کو ہو گی۔اسد عمر، فواد چودھری کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین کو گزشتہ سماعت پربھی پیش نہیں گیا تھا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو سیکورٹی خدشات کے باعث اڈیالہ جیل سے الیکشن کمیشن نہیں لایا گیا تھا۔ فواد چودھری بھی گرفتاری کے باعث گزشتہ سماعت پر پیش نہیں ہوئے۔ اسد عمر بھی گزشتہ سماعت پر پیش نہ ہوئے تھے۔