سری لنکا ایک لاکھ بندر چین کو فروخت کرے گا

651

کولمبو: سری لنکا کی جانب سے ایک لاکھ بندر چین کو فروخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس پر عالمی سطح پر تحفظات کا اظہار بھی کیا جا رہا ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق سری لنکا جو کہ مالی بحران کا شکار ہے، چین کو ایک لاکھ کی تعداد میں ٹوک مکاک بندر فروخت کرے گا، اس سلسلے میں جانوروں کےتحفظ کی تنظیموں نے اس فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

سری لنکن وزیرِ زراعت مہندرا اماراویرا کی جانب سے اس بات کا باقاعدہ اعلان کیا گیا ہے کہ یہ جانور سری لنکا میں عام پائے جاتے ہیں لیکن عالمی یونین برائے تحفظِ فطرت (آئی یو سی این) کے مطابق بقیہ دنیا میں اس بندر کی بقا کو خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین میں 1000 چڑیا گھروں کے لیے یہ بندر فروخت کیے جائیں گے اور اس ضمن میں ایک کمیٹی بنادی گئی ہے۔ سری لنکا کا مؤقف ہے کہ بندروں کی بڑھتی ہوئی آبادی نہ صرف فصلوں کو نقصان پہنچارہی ہے بلکہ وہ انساںوں پر حملے بھی کررہی ہے۔

سری لنکا نے کئی جانوروں کو حفاظتی فہرست سے خارج کردیا ہے جن میں تین اقسام کے بندر، مور اور جنگلی خنزیرشامل ہیں۔ اب کسان اپنے تحفظ کے لیے انہیں مارسکتے ہیں۔ دوسری جانب سری لنکا میں جانوروں کے تحفظ کی تنظیموں نے حکومتی فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 40 برس سے بندروں کا سروے نہیں کیا گیا۔ کوئی نہیں جانتا کہ ان کی اصل تعداد کتنی ہے۔ سب سے پہلے اس کا تعین کرنا ضروری ہے۔