خامنہ ای کا اسرائیل جنگ میں حماس کیساتھ شامل نہ ہونے کا بیان جھوٹی خبر ہے، ایرانی میڈیا

369

تہران: ایران کے سرکاری میڈیا نے کہا ہے کہ حماس کے ایک رہنما نے ان سے گفتگو میں  برطانوی خبررساں ادارے کی اس خبر کو جھوٹا قرار دیا ہے جس میں ایرانی رہبر اعلیٰ خامہ ای کی جانب حماس کی جنگ میں اسرائیل کے خلاف شامل نہ ہونے کا بیان منسوب کیا گیا تھا۔

ارناکے مطابق حماس کے سیاسی ونگ کے ایک رکن اسامہ حمدان نے خصوصی انٹرویو میں عالمی خبر رساں ادارے کی غلط معلومات اور جھوٹی خبریں پھیلانے پر شدید مذمت کی ہے۔اسامہ حمدان نے ارنانے بات کرتے ہوئے کہا کہ  خامنہ ای اور اسماعیل ہنیہ کے درمیان رواں ماہ کے اوائل میں ہونے والی ملاقات ایران اور حماس کے درمیان مسلسل تعمیری اور اچھے تعلقات کے عین مطابق تھی۔

اسامہ حمدان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایران اور حماس کے درمیان تعلقات کی نوعیت، فلسطینی کاز، فلسطینی عوام اور اس کی مزاحمت کی حمایت میں ایرانی مؤقف کو سب جانتے ہیں۔ اس طرح کے متعصب پروپیگنڈے کی دو وجوہات ہوسکتی ہیں۔ اول یہ کہ غزہ میں صہیونی حکومت کے جنگی جرائم پر پردہ ڈالنا اور دوم حماس کی کامیابیوں سے توجہ ہٹانا ہے۔

واضح رہے کہ برطانوی نیوز ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں حماس کے عہدیداروں کی جانب سے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا تھا کہ خامنہ ای نے حماس رہنما سے ملاقات میں اسرائیل کے خلاف جنگ میں ایران کے شامل ہونے سے انکار کردیا تھا۔