اسرائیلی فوج الشفا اسپتال میں داخل: آپریشن شروع، متعدد فلسطینی شہید

515

غزہ:اسرائیلی فوج غزہ کے الشفا اسپتال میں داخل ہو گئی اور آپریشن شروع کر دیا ہے، اسپتال کی عمارت کے اندر کم از کم 2ہزار 7سو  مریض، طبی عملہ اور بے گھر شہری موجود ہیں، جن کی زندگیوں کو خطرہ ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی قابض فوج نے غزہ شہر کے مغرب میں واقع الشفا میڈیکل کمپلیکس کا محاصرہ کرنے اور گذشتہ 7 دنوں کے دوران مسلسل بمباری کرنے کے بعد اس پر دھاوا بول دیا ہے۔

 قابض فوج کی بھاری نفری کے ساتھ اسپتال کے اندر داخل ہوگئی، صہیونی فوجیوں نے اسپتال کے اندر داخل ہوتے ہی داخلی راستوں کے دروازوں کو، موجود ادویات اور طبی آلات کے گوداموں کو دھماکے سے اڑا دیا، جس کے نتیجے میں  کئی زخمی فلسطینی شہید ہوگئے، اسرائیلی درندوں نے اسپتال میں موجود متعدد بے گھر، بیمار اور زخمی افراد کو گرفتار کرکے زد کوب کیا گیا۔

  غزہ کے سب سے بڑے الشفا اسپتال میں اسرائیلی فوجیوں کے داخلے کی اطلاعات پر بین الاقوامی اداروں کی جانب سے انتہائی تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، غزہ کے اسپتال پر حملے کی اطلاعات کے بعد عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ اور ریڈ کراس کی جانب سے انتہائی پریشانی اور انتہائی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

فلسطینی وزارت خارجہ نے  کہا ہے کہ غزہ شہر کے الشفا اسپتال میں اسرائیلی فوج کا راتوں رات داخل ہونا بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔