توہین الیکشن کمیشن کیس: چیئرمین پی ٹی آئی، اسد عمر اور فواد چوہدری پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی

417

اسلام آباد:توہین الیکشن کمیشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی، اسد عمر اور فواد چوہدری پر فرد جرم بھی عائد نہ ہوسکی، تینوں میں سے کوئی بھی پیش نہ ہوسکا۔

تفصیلات کے مطابق سوموار کو ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن و چیف الیکشن کمشنر کیسز پر سماعت کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی، اسد عمر اور فواد چوہدری میں سے کسی کے بھی پیش نہ ہونے پر معاون وکیل نے کیس التوا کی استدعا کی۔

چاررکنی کمیشن کے سربراہ نثار درانی نے ریمارکس دیئے کہ سکیورٹی خدشات ہیں تو جیل میں سماعت نوٹیفائی کرسکتے ہیں، سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ اگر آپ جیل جانا چاہتے ہیں تو نوٹیفائی کرسکتے ہیں، جیل میں سماعت پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔

ممبر کمیشن نے پوچھا کہ کیا قانون اس کی اجازت دیتا ہے؟ جس پر سیکرٹری داخلہ نے وزارت قانون سے رائے لینے کا موقف اپنایا۔کمیشن کے پوچھنے پر فواد چوہدری کے وکیل بولے کہ فواد چوہدری جوڈیشل کسٹڈی میں اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

ممبرکمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے، اپنے رولز ہیں، آئین اور الیکشن ایکٹ کے علاوہ کوئی قانون الیکشن کمیشن پر لاگو نہیں ہوتا۔الیکشن کمیشن نے کیسز کی سماعت 6 دسمبر تک ملتوی کر دی۔