بیلجیئم کی نائب وزیراعظم کا اسرائیل کے خلاف اقتصادی پابندیاں لگانے کا مطالبہ

449

برسلز: بیلجیئم کی نائب وزیراعظم پیٹرا ڈی سوٹر نے اپنی حکومت پر زور دیا ہے کہ غزہ میں وحشیانہ کارروائیوں پر اسرائیل کے خلاف اقتصادی پابندیاں لگائی جائیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ٹوئٹ کرتے ہوئے  بیلجیئم کی نائب وزیراعظم نے کہا کہ ‘اب اسرائیل پر پابندیاں لگانے کا وقت ہے’،بموں کی بارش غیر انسانی ہے اور غزہ میں جنگی جرائم کیے گئے ہیں جبکہ اسرائیل جنگ بندی کے عالمی مطالبات کو بھی نظر انداز کر رہا ہے۔

 

انہوں نے کہاکہ  اسی لیے میں وفاقی حکومت سے اسرائیل پر پابندیاں لگانے کا مطالبہ کرتی ہوں، اسرائیل پر اقتصادی پابندیاں لگانے کے ساتھ ساتھ غزہ میں اسپتالوں اور پناہ گزین کیمپوں پر بمباری کی تحقیقات بھی کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین کو اسرائیل کے ساتھ وہ معاہدے فوری معطل کرنے چاہیے جو اقتصادی اور سیاسی تعاون کو بہتر بنانے کے لیے کیے گئے، فلسطین کے مقبوضہ خطوں میں تیار ہونے والی اسرائیلی مصنوعات کی درآمدات پر بھی پابندی عائد کی جائے جبکہ جنگی جرائم کرنے والے یہودی آبادی کاروں سیاستدانوں اور فوجیوں کی یورپی یونین میں آمد پر پابندی عائد کی جائے۔