تبلیغی اجتماع میں شرکت کے بعد لال حویلی شفٹ ہوجائوں گا،شیخ رشید

389

راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ لال حویلی کھل گئی جس میں تبلیغی اجتماع میں شرکت کے بعد شفٹ ہو جائوں گا، میری تمام مقدموں میں ضمانت ہے اور میرے چلے کے دوران اگر کوئی کیس بنایا گیا تو وہ میرے علم میں نہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں سابق وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ الحمداللہ میری کارڈک کی رپورٹ کافی حد تک تسلی بخش ہے اور اب میری سرجری نہیں ہو رہی، یہ سب آپ کی دعائوں کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ لال حویلی کو جسٹس مرزا وقاص رئوف کے حکم پر کھول دیا گیا جس کی تزئین و آرائش کے بعد 6 نومبر کو میں لال حویلی شفٹ ہو جائوں گا، رائیونڈ تبلیغی اجتماع میں شرکت کیلئے جا رہا ہوں اور 5 تاریخ کی دعا کے بعد 6 تاریخ کو انشا اللہ لال حویلی میں موجود ہوں گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ میرا 80 فیصد سامان، ٹیلی فون اور پیسے واپس کر دیئے گئے ، امید ہے باقی 20 فیصد سامان بھی واپس کر دیا جائے گا، میری تمام مقدموں میں ضمانت ہے اور میرے چلے کے دوران اگر کوئی کیس بنایا گیا ہے تو وہ میرے علم میں نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میں اعتزاز احسن، سردار لطیف کھوسہ، سلمان اکرم راجہ اور خاص طور پر سردار عبدلرازق کا مشکور ہوں جنہوں نے 12 مقدمات میں میری ضمانت کرانے میں بغیر فیس کے کلیدی کردار ادا کیا، فرداً فرداً سب کا شکریہ ادا کرنے ان کے گھروں میں بھی جائوں گا۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کو معطل کرنے سے انکار کر دیا ہے جو کہ بڑی اہم بات ہے، کوشش کروں گا کہ لاہور میں میڈیا سے بات کر سکوں۔