تربت میں فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت 4 مزدور جاں بحق

1399
dispute

تربت: بلوچستان میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے پولیس اہل کار اور 4 مزدوروں کو قتل کردیا اور فرار ہو گئے۔

نجی ٹی وی کے مطابق منگل کی صبح تقریباً 4 بجے بلوچستان کے ضلع تربت کے علاقے نصیر آباد میں نامعلوم حملہ آوروں نے اچانک گولیاں برسا دیں، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہل کار سمیت 4 غیر مقامی مزدور جاں بحق ہو گئے۔ واقعے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے مزدور مظفر گڑھ سے آئے تھے جب کہ زخمی شخص ڈی جی خان کا ہے۔ مسلح افراد کی فائرنگ سے جاں بحق پولیس اہل کار تعلق تربت ہی سے ہے۔ واقعے کے بعد پولیس کی نفری جائے وقوع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

دوسری جانب بلوچستان کے نگراں وزیراعلیٰ نے فائرنگ کے واقعے میں پولیس اہل کار سمیت 4 افراد کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

نگراں وزیراعلیٰ میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور قیام امن کی کوششوں میں رکاوٹ نہیں آنے دی جائے گی۔ سیکورٹی فورسز کی ملک کے لیے دی گئی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔