کراچی: انفلوئنزا وائرس، محکمہ صحت کی ایڈوائزری

583

کراچی میں ہر تیسرا، چوتھا شخص نزلہ، کھانسی اور بخار میں مبتلا ہورہا ہے۔ کہا یہ جارہا ہے کہ شہر میں انفلوئنزا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جس کی تصدیق خود محکمہ صحت سندھ نے ایڈوائزری جاری کرکے کی ہے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ انفلوئنزا وائرس جسے موسمی فلو بھی کہا جاتا ہے، موسمی تبدیلیوں کی وجہ سے اس کا پھیلائو زیادہ ہوسکتا ہے۔ اس سے چھوٹے بچے، حاملہ خواتین اور دائمی امراض میں مبتلا 65 سال سے زائد عمر کے افراد زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں۔ محکمہ صحت نے ایڈوائزری میں ہدایت کی ہے کہ لوگ آنکھ، ناک اور منہ کو چھونے سے گریز کریں، جو لوگ نزلے جیسی بیماری کا شکار ہیں وہ بخار اترنے یا صحت یاب ہونے کے بعد چوبیس گھنٹے تک گھروں میں رہیں اور لوگوں سے ملنے سے اجتناب کریں۔ متاثرہ افراد ماسک کا استعمال کریں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ لوگ احتیاط کریں۔