چناب نگر:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ امت کے لیے سب سے بڑا چیلنج غزہ میں اسرائیلی قتل عام روکنا ہے،شہر پر 19روز سے بارود کی بارش ہورہی ہے، فلسطین کے بچے، مائیں، بہنیں، بیٹیاں پکار رہی ہیں، جنھیں صہیونی ظلم سے بچانا حضور سے محبت کا تقاضا ہے۔ افسوس کہ امت کے حکمران سو رہے ہیں، منبرومحراب کو مورچہ بنانا ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے فتنہ قادیانیت کو دین کے خلاف عالمی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے امریکا، اسرائیل اور بھارتی تکون کی مکمل حمایت حاصل ہے، جماعت اسلامی عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے جان قربان کرنے سے بھی گریز نہیں کرے گی۔
سراج الحق نے قادیانیت کی سازشوں کو بے نقاب کرنے پر بانی جماعت سید مودودی اور دیگر علما اکرام کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی ظلم کو امریکا کی سو فیصد حمایت حاصل ہے، واشنگٹن اسے تھپکی دے رہا ہے اور مسلسل اسلحہ بھی پہنچا رہا ہے۔ اسرائیلی مظالم کو حاصل امریکی سرپرستی کے خلاف جماعت اسلامی 29اکتوبر کو اسلام آباد میں امریکی سفارت خانہ کے سامنے غزہ مارچ کرے گی۔
انہوں نے کہاکہ یواین سیکریٹری جنرل نے اسرائیلی افواج کی جانب سے کئی دہائیوں سے فلسطین کے محاصرے پر کھل کر اظہار کیا ہے، عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ حق کا ساتھ دے۔ فلسطینیوں کے پاس جدوجہد اور مزاحمت کے علاوہ اور کوئی راستہ نہ تھا، اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے جس نے گزشتہ سات دہائیوں سے لاکھوں فلسطینیوں کو دربدر کیا، بچوں اور خواتین کا قتل عام کیا گیا۔