وڈیرہ شاہی اور جاگیردارانہ سیاست سے انسانی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، سراج الحق

601
economic policies

حیدر آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں سب سے زیادہ بدامنی، غربت اور جرائم سندھ میں ہیں، پیپلزپارٹی کا 15سالہ اقتدار تباہی و بربادی اور محرومیوں کادور ثابت ہوا، سرکاری زمینوں پر قبضے ہوئے، کراچی کے مسائل حل ہوئے نہ اندرون سندھ میں کوئی بہتری آئی البتہ کچھ لوگوں کی تجوریاں ضرور بھر گئیں۔

سراج الحق نے کہاکہ   حرام کی دولت سے سیاست کرنے والے اسے مینڈیٹ کا نام دیتے ہیں، لوگوں کا خون پسینہ نچوڑ کر انھی سے ووٹ کا تقاضا کیا جاتا ہے، صوبہ میں سازش کے تحت مہاجر اور سندھی تعصبات کو ہوا دی گئی، وڈیرہ شاہی اور جاگیردارانہ سیاست سے انسانی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہاکہ   جماعت اسلامی مظلوموں کو اکٹھا کرنا چاہتی ہے تاکہ ظالم کا مقابلہ کیا جا سکے۔ مافیاز کا احتساب کوئی ادارہ اور عدالت نہیں کر سکی، عوام ووٹ کی طاقت سے ان کا احتساب کریں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ  قوم خوشحالی، ترقی اور مہنگائی سے جان چھڑانے کے لیے جماعت اسلامی کے امیدواروں کوووٹ دے، آزمائے ہوئے لوگوں کو مزید آزمانا آئندہ نسلوں کو بھی غلامی میں دینے کے مترادف ہے۔ استحکام کا راستہ پولنگ سٹیشن سے ہوکر گزرتا ہے ، ووٹ کی طاقت سے ہی فرسودہ نظام اور اس کے پہرے داروں کو تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت معاشی و سیاسی لحاظ سے مشکل ترین حالات سے دوچار ہے۔ خراب حکمرانی اور مفاد پرستانہ و غلامانہ پالیسیوں کی وجہ سے معیشت تباہ ہوئی، وسائل سے مالا مال ملک کو دنیا بھر میں بھکاری بنادیا گیا۔ پاکستان جنوبی ایشیا میں مہنگا ترین ملک ہے، بھوٹان افغانستان اور ایران بھی معیشت، امن اور ترقی میں پاکستان سے آگے ہیں۔