پاکستان پر 76 سال سے مسلط غلام، انگریز کےہی وفادار ہیں، سراج الحق

622
imposed

وہاڑی: جماعت اسلامی پاکستان کےامیر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمران خود کو مالک اور عوام کو کرائے دار سمجھتے ہیں، ملک پر 76 سال امریکی غلاموں نے حکومت کی جو عوام کے بجائے انگریز کے وفادار ہیں۔

ہاکی گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ پاکستان پر چند خاندانوں یا جرنیلوں نے حکومت کی ہے، پاکستان کے سیاسی لیڈروں کی جائیدادیں دنیا بھر میں ہیں، کیا ان حکمرانوں کے چار ہاتھ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سالانہ 12 ارب سے زائد کی کرپشن کی جاتی ہے، پنجاب، سندھ اور دیگر صوبوں کے گورنر ہاؤسز وائٹ ہاؤس سے بھی بڑے ہیں، اگر عوام نے ساتھ دیا تو ملک میں قائم ان بڑی بڑی جاگیروں کو ختم کریں گے۔

امیر جماعت کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر قدیر جیسے محسن اس ملک میں اپنے گھر میں قید کیے گئے، انڈیا نے ایٹم بم بنانے والے عبدالکلام کو صدر بنایا، ڈاکٹر قدیر نے بتایا کہ ایسا لگتا ہے کہ بم بنا کر میں نے کوئی جرم کیا ہے، ڈاکٹر قدیر جیسے ہیرو کے ساتھ انتہائی ظلم اور زیادتی کی گئی۔

ان کاکہنا تھا کہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی آج بھی امریکی جیل میں بے قصور قید ہے، انہی حکمرانوں نے ڈاکٹر عافیہ کو امریکہ کے ہاتھوں فروخت کیا، ڈاکٹر عافیہ نے پیغام دیا کہ میں قیامت کے روز نبی اکرم ﷺ کے سامنے حکمرانوں کی شکایت کروں گی، ہم لوگ کس منہ سے قیامت کے دن نبی اکرم ﷺ کے سامنے جائیں گے؟۔