راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے انڈس شیلڈ 2023ء فضائی مشق کا مشاہدہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے پاکستان ائرفورس کے آپریشنل ائربیس کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے فضائی جنگ کی مسلسل بدلتی ہوئی صورت حال اور مشترکہ مقاصد کے حصول میں فضائی مشقوں کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ مرکز کی مہارت اور لگن نے انتہائی ہنر مند اور ماہر فضائی جنگجو تیار کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، ہنر مند اور ماہر فضائی جنگجو پاک فضائیہ کے شاہین جدید جنگ کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔
اس موقع پر ائرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ فضائی مشنز کی کامیاب تکمیل کے لیے جنگی کارکردگی کے تمام عناصر کے موثر استعمال کی ضرورت ہوتی ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پاک فضائیہ کی 14 ملکی میگا فضائی مشق کے مشاہدے کے موقع پر ترکی،آذربائیجان اور ہنگری کے ائرچیفس بھی موجود تھے۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی آمد پر سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں آرمی چیف کو غیر ملکی مہمانوں کے ہمراہ ائر پاور سینٹر آف ایکسی لینس کی تربیتی سہولت اور مشق کے وسیع دائرہ کار کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ائرچیف نے جنرل سید عاصم منیر کی طرف سے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں بھرپور تعاون کو سراہا اور مشق کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ مشق انڈس شیلڈ شریک فضائی افواج کے لئے اپنی مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کرتی ہے۔