بھارت اسرائیل مماثلت: جنگ کے مخالفین کو فلسطین بھیجنے کی دھمکی

521

مقبوضہ بیت المقدس: بھارت اور اسرائیل کے درمیان جنگی جنون، اسلحہ کی دوڑ، اسلام اور مسلم دشمنی کے بعد ایک اور مماثلت سامنے آئی ہے۔

صہیونی پولیس کے چیف کوبی شبتائی نے تل ابیب میں حالیہ کشیدگی کے تناظر میں احتجاج کرنے والے جنگ کے مخالف مظاہرین کو فلسطینی علاقوں میں بھیجنے کی دھمکی دی ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں بھی بی جے پی کی حکومت میں ہندوتوا پالیسی کے تحت مسلمانوں پر زمین تنگ کی جا چکی ہے اور انہیں ہندو انتہا پسندوں کے ساتھ ان کے پشت پناہی کرنے والے سیاسی رہنماؤں اور وزرا کی جانب سے دھمکیاں دی جاتی ہیں کہ وہ بھارت چھوڑ کر پاکستان چلے جائیں۔

اسرائیلی پولیس کے چیف نے جنگ کی مخالفت میں احتجاجی مظاہرہ کرنے والوں کو کہا ہے کہ جسے بھی غزہ سے ہمدردی ہو یا وہ ان کے لیے نرم گوشہ رکھتا ہو، ہم انہیں وہاں جانے والی بسوں میں بٹھا کر روانہ کردیتے ہیں۔

ایک ویڈیو میں کوبی شبتائی کا کہنا تھا کہ غزہ کی حمایت میں کسی بھی طرح کے احتجاج یا مظاہرے اسرائیل میں ناقابل برداشت ہیں۔ ہم اس طرح کی کسی اشتعال انگیزی کو قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے احتجاج کی بھی یہاں کوئی گنجائش اور اجازت نہیں ہے۔

صہیونی پولیس چیف کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل اس وقت جنگ کی حالت میں ہے اور ہمارے سامنے ایسے حالات نہیں ہیں کہ ہم ہر طرح کے لوگوں کو آنے دیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق غزہ پر 7 اکتوبر سے شروع ہونے والے حملوں کے بعد سے اسرائیل میں اب تک درجنوں افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جن پر اسرائیلی حملوں کی مخالفت کرنے کو دہشت گردی کی حمایت کا الزام عائد کیا گیا ہے۔