جامعۃ المحصنات توسیعی منصوبے کا افتتاح، سراج الحق کا خواتین کنونشن سے خطاب

484

پشاور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے جامعۃ الحصنات چترال کے توسیعی منصوبے کا افتتاح کردیا۔ علاوہ ازیں انہوں نے خواتین کنونشن سے خصوصی خطاب کیا۔

اس موقع پر سابق رکن قومی اسمبلی مولاناعبدالاکبر چترالی ،مہتمم جامعہ خلیق الرحمن بھی موجود تھے جنہوں نےامیر جماعت کو شال پیش کی گئی۔امیر جماعت اسلامی پاکستان نے توسیعی منصوبے پر حلقہ خواتین جماعت اسلامی کو مبارکباد پیش کی اور نسل نو کی تعمیر و تطہیر افکار کے لیے کی جانے والی علمی خدمات کو سراہا۔

علاوہ اذیں جامعتہ المحصنات میں تکمیل بخاری شریف کی تقریب تقسیم اسناد اور افتتاحی تقریب میں شریک طالبات اور مہمانوں سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جدوجہد تزکیہ نفس سے لے کر تزکیہ نظام تک ہے ۔ نبوی  مشن کا تقاضا ہے کہ مسلمان بھائی بھائی بن جائیں۔

انہوں نےجامعتہ المحصنات میں  بخاری شریف مکمل کرنے والی طالبات میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کیں  ۔بعد ازاں دردانہ صدیقی نے چترال میں ہونے والے بڑے خواتین کنونشن کی صدارت کی۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کراچی سے چترال تک ہماری جدوجہد اسلامی فلاحی خوشحال پاکستان کے لیے ہے ۔قرآن وسنت کی دعوت اسلامی اجتماعیت کی بنیاد ہے ۔اس پیغام کو اللہ کی زمین پر نافذ کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ داعی کے لیے یہ مشن سعادت اور آزمائش ہے ۔ اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے فلسطینیوں کے جذبے کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلم حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی لمحہ فکر ہے ۔آزمائش کی اس گھڑی میں جماعت اسلامی مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

دردانہ صدیقی نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کو جب بھی موقع ملا عوام کی خدمت کی اور آئندہ بھی کرے گی ۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹریز ثمینہ سعید، سکینہ شاہد،ناظمہ صوبہ خیبر پختونخوا بلقیس مراد،سابقہ رکن صوبائی اسمبلی حمیرا بشیر اور ناظمہ ضلع چترال سمیرا تاج بھی موجود تھیں ۔