اوٹاوا: کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر راہداری کھولنے کا مطالبہ کیا اور منگل کو غزہ میں فوری ضرورتوں کے لیے 10 ملین ڈالر کی انسانی امداد کا اعلان کردیا ۔
ٹروڈو نے یہ تبصرہ غزہ کے لیے سفارتی کوششوں کی ناکامی کے بعد کیا۔ اسرائیل نے گزشتہ ہفتے حماس کے حملے پر ردعمل ظاہر کیا جس میں 1300 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے، غزہ کی مکمل ناکہ بندی کر دی اور اس پر بے مثال فضائی حملے کیے ہیں۔
کینیڈا کے وزیر اعظم نے غزہ میں فوری طور پر انسانی ہمدردی کی راہداری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا، “کینیڈا بلا روک ٹوک انسانی ہمدردی کی رسائی اور ایک انسانی راہداری کا مطالبہ کر رہا ہے تاکہ غزہ کے شہریوں تک خوراک، ایندھن اور پانی جیسی ضروری امداد پہنچائی جا سکے۔”
انہوں نے کہا کہ ہمیں غزہ میں سنگین اور بگڑتے ہوئے انسانی بحران پر گہری تشویش ہے، غزہ تک بلا روک ٹوک انسانی رسائی کی اجازت ہونی چاہیے۔
دوسری جانب جسٹن ٹروڈو نے پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کو بتایا کہ اسرائیل کو بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، تاہم “جنگ کے بھی اصول ہوتے ہیں ۔