اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری نے مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق سابق صدر اور شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری اپنے پرانے اتحادی مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں انہوں نے سربراہ جے یو آئی سے ان کی خوشدامن کے انتقال پر تعزیت کی۔
دونوں رہنماؤں نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر مشاورت بھی کی۔
جے یو آئی (ف) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری، سربراہ جے یو آئی سے ان کی خوش دامن کے انتقال کے بعد اظہار تعزیت کے لیے آئے۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان 50 منٹ تک ملاقات جاری رہی، جس میں مولانا عبدالغفور حیدری ، ڈاکٹر عاصم، مولانا اسعد محمود اور رخسانہ بنگش بھی شریک ہوئے۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور آئندہ عام انتخابات کے امور بھی زیر غور آئے۔
اہم ملاقات ایسے تناظر میں ہوئی جب جے یو آئی اور پیپلز پارٹی قیادت کے درمیان گزشتہ کچھ عرصے کے دوران فاصلے بڑھے۔ دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی بھی کی گئی۔