لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ اسرائیل جنگی جرائم میں ملوث ہے، نہتے اور معصوم فلسطینیوں کا قتل عام اور غزہ پر کیمیکل ہتھیاروں سے حملے کیے جارہے ہیں، عالمی برادری، اقوام متحدہ تماشائی بننے کی بجائے فلسطینیوں کو ان کا جائز اور قانونی حق دلائے۔
سراج الحق نے کہاکہ اہل فلسطین پر ظلم و جبر کی تاریخ آج سے نہیں 1948 سے شروع ہوتی ہے، یہ قربانیوں کی عظیم جدوجہد ہے، اسرائیل ناجائز اور قابض ریاست، اس نے پہلے کبھی عالمی قوانین کی پاسداری کی نہ اب یہ کسی ضابطہ اخلاق کو مان رہا ہے، امریکا اور مغربی ممالک کا اسرائیل کی زیادتیوں پر کھل کر حمایت کا اعلان قابل افسوس ہے، او آئی سی اور اسلامی ممالک کے حکمران جرات مندانہ مقف اختیار کریں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ اسلامی دنیا کے حکمران اتحاد کا مظاہرہ کریں تو مسجد اقصیٰ اور فلسطین آزاد ہو سکتے ہیں، پاکستانیوں سے اپیل ہے کہ وہ اس میں بڑھ چڑھ کر عطیات دیں۔ جماعت اسلامی کے کارکنان مساجد، بازاروں اور گلی کوچوں میں کیمپ لگائیں گے اور مظلوموں کی امداد کے لیے عطیات اکٹھے کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت 23لاکھ فلسطینی محصور ہیں، جن کے لیے پانی، خوراک بند کر دی گئی ہے، غزہ میں ادویات اور طبی سہولتیں ختم ہو چکی ہیں، انسانی حقوق کے ادارے محصور لوگوں تک مدد کی فراہمی یقینی بنائیں، امت بڑھ چڑھ کر فلسطینیوں کی مالی امداد کرے۔
سراج الحق نے کہاکہ اقوام متحدہ کو مسئلہ فلسطین پر جگانے کے لیے پاکستانی عوام کی طرف ایک کروڑ پٹیشن بھیجی جائے گی جس میں اسرائیلی دہشت گردی کو روکنے کا مطالبہ شامل ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے اقدامات دنیا کے امن کو تہس نہس کر سکتے ہیں جس سے خدانخواستہ تیسری جنگ عظیم شروع ہو جائے گی، پونے دوارب مسلمان غزہ میں ظلم و جبر دیکھ کر بے چین ہیں، اسلامی ممالک کے حکمران امت کے جذبات کی پوری طرح ترجمانی کریں، ایک اہم ترین اسلامی ملک ہونے کے ناطے پاکستان کو اس سلسلے میں پہل کرنا ہو گی۔