اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے اسرائیلی جارحیت کو نہ صرف فلسطین بلکہ پوری انسانیت پر حملہ قرار دیا۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں نواز شریف نے لکھا کہ ہزاروں بے گناہ شہریوں کی شہادت انسانی ضمیر کے لیے بڑا سوال ہے۔
https://x.com/NawazSharifMNS/status/1713842882207944986?s=20
سابق وزیراعظم نے مزید لکھا کہ دنیا جان لے کہ مسئلہ فلسطین کے مستقل حل کے بغیر دیرپا امن خطرے میں رہے گا۔ پاکستان ہمیشہ کی طرح اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان فلسطینی کاز کے حق میں ہر عالمی فورم پر آواز اٹھائے، حکومت فلسطینی عوام کو خوراک، ادویات اور اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لیے فوری اقدام کرے۔
یاد رہے کہ گزشتہ 9 روز سے جاری اسرائیلی بربریت میں اب تک 2600 سے زائد فلسطینی شہید اور 10 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
اسرائیل نے غزہ کا مکمل محاصرہ کر رکھا ہے اور اسے غزہ تک امدادی سامان لے جانے کی بھی اجازت نہیں ہے، ہسپتال اور سکول بھی اسرائیلی بمباری سے محفوظ نہیں ہیں۔