سائفر کیس:عمران خان، شاہ محمود پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے 17 اکتوبر مقرر

432
case registered

راولپنڈی:اسلام آباد کی آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر 17 اکتوبر کو فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کردی۔

اسلام آباد کی آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود کے خلاف اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کی۔ 

اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقارنقوی، وکیل صفائی سلمان صفدر، ایف آئی اے کی ٹیم اور تفتیشی افسر چالان کی نقول کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ 

عمران خان اور شاہ محمود قریشی بھی عدالت میں پیش ہوئے،اس دوران شاہ محمود قریشی کی بیٹی اور بیٹا زین قریشی بھی اڈیالہ جیل پہنچے۔

سماعت کے دوران سائفرکیس میں چالان کی کاپیاں تقسیم کردی گئیں۔پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے کی مکمل نقول نہیں دے سکتے، تاہم جو ضروری نقول تھیں، وہ فراہم کردی گئی ہیں۔

عدالت کا کہنا تھا کہ سائفر کیس کا باقاعدہ ٹرائل شروع ہوگیا،عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فردجرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کردی جو 17 اکتوبر کو عائد کی جائے گی۔

عدالت نے کہا کہ 17اکتوبر کو فرد جرم کے ساتھ تمام سرکاری گواہان کی طلبی ہوگی۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت بھی 17 اکتوبر تک ملتوی کردی۔