تہران، قاہرہ، انقرہ: حماس کی جانب سے اسرائیل کے خلاف طوفان الاقصیٰ نامی آپریشن شروع کرنے اور راکٹ باری پر ایران نے مبارک باد پیش کی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق دہائیوں سے جاری صہیونی مظالم کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے حماس کی جانب سے 5 ہزار راکٹ اسرائیل پر داغے گئے ہیں، جس پر ایران نےفلسطینی مزاحمتی تنظیم کو مبارک باد دی ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے مشیر رحیم صفوی نے اپنے ایک بیان میں حماس کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ہم مقبوضہ بیت المقدس سمیت ارض فلسطین کی آزادی تک فلسطینی مجاہدین کے ساتھ ہیں اور اسرائیل پر کیے گئے حالیہ حملے پر حماس کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
دریں اثنا مصر اور ترکی کی جانب سے اسرائیل فلسطین کے درمیان جنگی صورت حال کو سنگین نتائج کی وجہ قرار دیتے ہوئے فریقین کو تحمل برتنے پر زور دیا ہے۔
مصر کی وزارت خارجہ نے بیان جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ فریقین اپنے شہریوں کو خطرات میں ڈالنے کے بجائے تحمل کا مظاہرہ کریں۔
دوسری جانب ترک صدر رجب طیب اِردوان نے زور دیا ہے کہ فریقین ایسے اقدامات نہ کریں جس کے نتیجے میں کشیدگی بڑھے، تاہم انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ اور فلسطین میں تاریخی اور مذہبی حیثیت کے مقامات کو نقصان پہنچانے کی کوششیں برداشت نہیں کی جائیں گی۔