کوئٹہ: سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 2 دہشتگرد ہلاک

548
terrorists killed

کوئٹہ: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کوئٹہ کے علاقے شالکوٹ ہزار گنجی میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی، اس دوران سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 2 دہشت گرد مارے گئے، جو کوئٹہ میں دہشت گردی کی منصوبے کے لیے داخل ہوئے تھے اور تعلق کالعدم تنظیم بی ایل اے سے ہے۔

سی ٹی ڈی نے مارے جانے والے دہشت گردوں سے ایک پستول، ایک موٹرسائیکل اور 3 دستی بم برآمد کیے جب کہ مارے جانے والے دہشت گردوں کی لاشیں شناخت کے لیے سول اسپتال منتقل کردی گئیں۔

واقعے کا سی ٹی ڈی تھانے میں مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کے ٹھکانے سے شواہد اکھٹے کرنے کے بعد دیگر دہشت گردوں کی تلاش شروع کردی ۔