بھارت : ورلڈکپ میچز  میں دہشت گردوں  نے حملوں کی دھمکی دیدی

791

نئی دہلی: بھارت میں کھیلے جانے والے ورلڈکپ کے میچز  میں دہشتگردی کا خطرہ ہے، کرکٹ کا عالمی میلہ چار برس کے بعد کل سے بھارت میں سجے گا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے شہر احمد آباد میں ہونے والے میچز میں دہشت گردوں کی جانب سے حملے کی دھمکی دی گئی ہے جس کے بعد احمد آباد اسٹیڈیم اور اطراف میں سکیورٹی بڑھا دی گئی  ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق احمد آباد اسٹیڈیم اور اطراف میں 3 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ میچز کے دوران اسٹیڈیم جانے والی سڑک کو مکمل طور پر بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ احمد آباد میں ورلڈکپ کے افتتاحی اور پاک بھارت میچ سمیت کل 5 میچز شیڈول ہیں، آئی سی سی ورلڈکپ کا فائنل میچ بھی احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈکپ میچ 14 اکتوبر کو احمد آباد اسٹیڈیم میں ہوگا۔