لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن میں التوا کی کوئی وجہ نہیں دیکھ رہے،اگر ایسا ہوا تو جماعت اسلامی بھرپور عوامی اور پرامن مزاحمت کا راستہ اختیار کرے گی۔
سراج الحق نے کہاکہ الیکشن سے قبل معیشت کی بہتری کی باتیں کرنے والے نوشتہ دیوار پڑھ چکے، انھیں شکست نظر آ رہی ہے، معیشت کو ٹھیک کرنے کے لیے الیکشن التوا کی دلیلیں ماضی میں لگائے جانے والے “انتخاب نہیں احتساب “کے نعروں کا تسلسل ہے، سوال یہ ہے آئین کیا کہتا ہے؟
انہوں نے کہاکہ آئین پاکستان واحد ڈاکومنٹ ہے جس پر پوری قوم کا اتفاق ہے، اس پر عمل درآمد کرنا ہوگا، موجودہ حالات میں بھی دو صوبوں کی نگران حکومتیں آئین سے بالاتر کام کررہی ہیں، نگران حکومتوں کے پاس یہ مینڈیٹ بھی نہیں کہ بجلی ، گیس کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کریں۔
امیر جماعت کا کہنا تھا کہ یہ ماضی کی حکومتوں کا تسلسل اور آئی ایم ایف کے احکامات پر عمل پیرا ہیں جس کے نتیجہ میں عوام مشکل ترین حالات سے دوچار ہیں، لوگوں کے پاس علاج کے لیے پیسے نہیں، غریب اپنے بچوں کو سکول نہیں بھیج سکتا، گاڑی تو کیا موٹرسائیکل میں پٹرول ڈالوانا مشکل ہوگیا۔