ملک سے دہشتگردی کی لعنت کا خاتمہ کریں گے، نگراں وزیراعظم

581
terrorism

اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا حکومت ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے اور اس لعنت کا خاتمہ کریں گے۔

نگران وزیراعظم کے زیر صدارت نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں مستونگ اور ہنگو میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی، جاں بحق افراد کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی، زخمیوں کے لئے جلد صحت یابی کی بھی دعا کرائی گئی، دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر وزیر داخلہ کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔

انوارالحق کاکڑ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا پیشہ وارانہ تعلیم اور فنی تربیت کے پروگرامز کو بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے، ہنر مند افراد کیلئے بیرون ملک روزگار مواقع بڑھانے کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جائیں، افرادی قوت ہمارا سرمایہ ہے، افرادی قوت کو عصری تقاضوں کے مطابق ہنر کی فراہمی کے حوالے سے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے۔

نگران وزیراعظم نے کہا فنی اور پیشہ وارانہ تربیت کے موجودہ تمام مراکز کو فعال کیا جائے، وفاقی کابینہ نے وفاقی وزارتِ تعلیم و فنی تربیت کی سفارش پر تکامل اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنکل ٹریننگ کمیشن کے مابین سروس لیول کے ترمیمی معاہدے کی منظوری دیدی، وفاقی کابینہ نے وفاقی وزارتِ تعلیم و فنی تربیت کی سفارش پر ایریا اسٹڈیز سینٹر، یونیورسٹی آف پشاور اور کوروینس یونیورسٹی ہنگری کے سینٹرل ایشیاء ریسرچ سینٹر کے مابین معاہدے کی یادداشت پر دستخط کی منظوری بھی دے دی۔

وفاقی کابینہ نے وفاقی وزارتِ خزانہ کی سفارش پر سمٹ بینک لمیٹڈ کا نام بینک مکرمہ لمیٹڈ رکھنے کی بھی منظوری دیدی، وفاقی وزارتِ داخلہ کی سفارش پر وفاقی کابینہ نے حکومت پاکستان اور حکومت ایکواڈور کے مابین معاہدے کی منظوری دیدی جس کے تحت دونوں ممالک کے ڈپلومیٹک، آفیشل اور سپیشل پاسپورٹ ہولڈرز باہمی طور پر ویزا سے مستثنیٰ ہونگے۔