جماعت اسلامی اہل کراچی کی توانا آواز بنی، حافظ نعیم الرحمن

450
people of Karachi

کراچی:  امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے اہل کراچی کے مسائل کے حل کے لیے مسلسل جدوجہد کی ہے اور کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کی موثر اور توانا آواز بنی۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھاکہ کراچی کے لئے کی جانے والی جدوجہد کے باعث ہی بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی زبردست قوت اور طاقت کے ساتھ شہر کی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری، ہمارے منتخب نمائندے عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے، ملک میں موجودہ سیاسی حالات و معاشی بدحالی کی ذمہ دار وہ پارٹیاں ہیں جو اقتدار میں رہی ہیں، ان ہی پارٹیوں اور ان کی حکومتوں نے ملک اور قوم کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت بھی ماضی کی حکومت کا تسلسل ثابت ہو رہی ہے، صرف جماعت اسلامی ہی ملک بھر میں عوام کی ترجمانی کر رہی ہے۔ حکمران ٹولے سے نجات حاصل کرنے اور بجلی و پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور مہنگائی کے خلاف ہماری احتجاجی تحریک جاری ہے 6اکتوبر کو گورنر ہائوس سندھ پر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو فاران کلب میں خواتین کونسلرز کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے نائب امیرجماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈوکیٹ ،سکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی ، ناظمہ کراچی اسماء سفیر ودیگر نے بھی خطاب کیا۔اجلاس میں ناظمہ صوبہ سندھ رخشندہ منیب ،مرکزی نگراں سیاسی سیل طیبہ عاطف ،نگراں سیاسی سیل کراچی جاویداں فہیم بھی موجودتھیں۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھاکہ جماعت اسلامی کے منتخب ٹاؤن و یوسی چیئرمینز اور مردو خواتین کونسلرز اپنے پلیٹ فارم کو زیادہ سے زیادہ وسیع کریں اور عام لوگوں کو بالخصوص نوجوانوں کو کاموں میں شریک کریں، حلقہ خواتین جماعت اسلامی نے بڑی قربانیاں دی ہیں اور ان حالات میں بھی گلی محلے کی سطح پر کام کیا جب کام کرنا انتہائی مشکل تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے غبارے میں ایک بار پھر ہوا بھرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو اب کسی صورت ممکن نہیں ہے ،ماضی میں بلدیات کے بجٹ میں 80فیصد تنخواہوں کے لیے اور20فیصد ترقیاتی کاموں کے لیے مختص کیا جاتا رہا اور سیاسی بنیادوں پر بھرتیاں کی گئیں۔