کراچی: شہر قائد میں کل ہفتے کے روز شدید گرمی ہوگی جب کہ پارہ بھی 41 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی پیش گوئی کے مطابق گرمی کی لہرآئندہ کئی روزتک جاری رہ سکتی ہے۔ کراچی میں جمعے کا دن بھی گرم اور خشک رہا۔ دوپہر کے وقت تیزدھوپ کی وجہ سے گرمی کی شدت محسوس کی گئی۔ دن بھربلوچستان کی گرم شمال مغربی سمت کی ہوائیں چلیں جب کہ سمندری ہوائیں غیرفعال رہیں۔
جمعے کو شہرکازیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37.6ڈگری سینٹی گریڈ جب کہ ہوامیں نمی کاتناسب 51فیصد ریکارڈ ہوا۔ محکمہ موسمیات ارلی وراننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق گرمی کی موجودہ جزوی شدت کی لہرشہرمیں برقراررہ سکتی ہے۔ اس دوران جنوبی سندھ میں موسم گرم،انتہائی گرم اورخشک رہنے کا امکان ہے۔
حیدرآباد،ٹھٹھہ،سجاول،بدین،عمرکوٹ،تھرپارکر میں بھی درجہ حرارت 39سے41ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ کل ہفتے کے روز شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41ڈگری سینٹی گریڈ تک تجاوزکرسکتا ہے۔ ہوا میں نمی کاتناسب 70سے80فیصد کے درمیان رہنے کے سبب گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے زیادہ محسوس کی جاسکتی ہے۔