کوئٹہ:امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالکبیر شاکر نے کہاکہ بجلی گیس ادویات پٹرول واشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کرنے والے مسلسل کئی دہائیوں سے عوام پر مسلط ملک وقوم کا خون نچوڑرہے ہیں۔
مولانا عبدالکبیر شاکر کا کہنا تھا کہ عوام الناس ان ظالموں سے نجات کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں یہ اشرافیہ مقتدر قوتیں لٹیرے سیاسی لیڈربدنام مافیازسب آپس میں ملے ہوئے ہیں جو قوم ومذہب اور خوشنما نعروں سے عوام کو بار بار دھوکہ دے رہے ہیں عوام ان سے خبر داررہے اورجماعت اسلامی کی دیانت دار قیادت کا ساتھ دیکر مسائل مشکلات اورپریشانیوں سے نجات حاصل کریں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جماعت اسلامی کے دفترمیں وفدسے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ صرف جماعت اسلامی ہے جس نے عوامی مسائل بجلی ،گیس بلوں ،ادویات ،پٹرول ودیگر خوردنی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی تحریک شروع کی ہے باقی جماعتوں کی وجہ سے مہنگائی برپاہوگئی عوام نان شبینہ کے محتاج ہوگئے ہیں اس وجہ سے وہ احتجاج نہیں کررہے عوام اگر مسائل کا حل چاہتے ہیں تو جماعت اسلامی کاساتھ دیں۔
مولانا عبدالکبیر شاکرکا کہنا تھا کہ بلوچستان کے پریشان حال عوام کے بچوںکیلئے علاج وتعلیم کی سہولت ہے نہ راشن ودیگر ضروریات کیلئے رقم ،بجلی بلزآمدنی سے دوگنا آرہے ہیں اوپر سرمایہ داروں کارخانوں کے مالکان اور بڑے چوروں کے بجائے بجلی بل جمع کرنے پر گرفتاریاں،میٹرزلیجانے کے ڈرامے بھی حکمرانوں نے شروع کیے ہیں حکمران طبقہ دیہاڑی دارطبقہ ،مساکین اور غرباء کو تنگ کرنے کے بجائے مفت خوروں ،مراعات یافتہ پاکستان کے قومی خزانے کو کھانے والوں پرمفت پڑول ،مفت بجلی ،مفت علاج ،مفت تعلیم ،مفت گھر بند کرکے پریشان حال خودسوزی وخودکشی پر مجبورعوام کو ریلیف دیں۔