اٹک جیل حکام کی عمران خان کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے کی تردید

537

اسلام آباد: اٹک جیل کے حکام نے چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے کی خبروں کی تردید کردی۔

خبر رساں اداروں کے مطابق عدالت عالیہ اسلام آباد نے پیر کے روز چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھا نے اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو اٹک سے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا ہے۔

نعیم پنجوتھا نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم کے طور پر سہولیات بھی فراہم کردی گئی ہیں۔

بعد ازاں میڈیا پر خبریں چلنے کے بعد اڈیالہ جیل کے حکام نے تردید کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی تاحال اٹک جیل ہی میں ہیں اور انہیں اڈیالہ جیل نہیں لے جایا گیا۔ اس سلسلے میں بتایا گیا کہ عدالت  عالیہ کا حکم نامہ تاحال جیل حکام کو موصول نہیں ہوا ہے، جیسے ہی حکم ملے گا، اس پر عمل کردیا جائے گا۔