بھارت کی دہشت گردی کینیڈا تک پہنچ چکی ، ترجمان دفتر خارجہ

412

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ سکھ رہنما کینیڈین شہری کے قتل سے اس بات کی تصدیق ہوئی کہ بھارت دہشت گرد ملک ہے جس کی دہشت گردی کنیڈا تک پہنچ کی ہے،پاکستان توقع کرتا ہے کہ ہمارے شہریوں اور کشمیریوں کے تحفظ کو بیرون ممالک حکومتیں یقین بنائیں گی۔

رجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کی جانب سے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ نگراں وزیراعظم دورہ نیویارک میں ایک مختصر وفد ساتھ لے کر گئے ہیں ، انوار الحق کاکڑ اور ایرانی صدر کے درمیان نیویارک میں ملاقات ہوئی، نگران وزیراعظم نے ترقی یافتہ دنیا سے 100 ارب ڈالر کے فنڈ کو فعال کرنے پر بھی زور دیا ۔

انہوں نے کہا کہ نگراں وزیر خارجہ کی امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان سے ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے تمام معاملات اور افغانستان میں قیام امن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں کینیڈا میں سکھ شہری کے قتل کے معاملے پر بھی بات ہوئی۔

ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 2016 میں بھارتی را کے نیوی کمانڈر کلبھوشن کو گرفتار کیا گیا، بھارت کا حاضر سروس نیوی کمانڈر کلبھوشن یادیو پاکستان میں انڈین ریاستی دہشتگردی کا نشان ہے، بھارتی کمانڈر نے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کا اعتراف کیاہے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے جون 2021 میں بھی لاہور میں دہشتگردی کی کارروائی کی ہے بھارت کو پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے پر ڈوزیئر دیا گیا ۔

ترجمان  دفتر خارجہ نے کہا کہ کینیڈا میں بھارت کی طرف سے ایک سکھ کی ٹارگٹ کلنگ افسوسناک ہے، بھارت کی کینیڈا میں ماورائے عدالت قتل، ریاستی دہشتگردی کا معاملہ عالمی سطح پر پہنچ چکا۔

 ترجمان نے مسئلہ  کشمیر پر بات کرتے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر ترکیے کے صدر اردگان کے بیان کو سراہتے ہیں، ترکیے نے ہمیشہ جموں و کشمیر کے بارے میں پاکستانی مؤقف کی حمایت کی ہے ۔