لاہور: نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے صوبے بھر میں عوام کو سستی چینی یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے مہیا کرنے کے فیصلے کی منظوری دے دی۔
نگراں وزیراعلی محسن نقوی کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومت پنجاب یوٹیلٹی اسٹور کے ذریعے عوام کو140روپے کلو چینی فراہم کرے گی۔پنجاب بھر میں 2100 یوٹیلٹی اسٹوراور ساڑھے 7 سو فرنچائزڈ یوٹیلٹی اسٹور پر چینی دستیاب ہو گی۔
چینی کی خریداری میں شفافیت کے لیے اصل کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ ساتھ لانا ہو گا۔ ہر خاندان ایک ماہ میں 5کلو چینی حاصل کر سکے گا۔ یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی کی فراہمی کا عمل چند روز میں شروع ہو جائے گا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر صنعت وتجارت گوہر اعجاز،وزرا ایس ایم تنویر،ابراہیم حسن مراد،ممتاز صنعت کار فواد مختار،چیف سیکرٹری،سیکرٹری فنانس،ایم ڈی یوٹیلٹی سٹور محمد علی عامر اور دیگر حکام موجود تھے۔