لاہور : امیرجماعت اسلامی لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اور بڑے اضافے کو مسترد کرتے ہیں حکومت نے ظلم کی انتہا کر دی حکومت غریب عوام کاخون چوس رہی ہے نااہل حکمرانوں نے اپنی نااہلی کا تمام بوجھ غریب عوام پرڈال دیاہے۔
جماعت اسلامی ڈسٹرکٹ لاہور کے ذمے داران و عہدیداران کے اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بے حس حکومت کو عوامی مسائل اور پریشانیوں سے کوئی سروکار نہیں۔ حکومت نے بیرونی آقا کو خوش کرنے اور پی ڈی ایم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے آئی ایم ایف کے معاہدوں کی پاسداری کرتے ہوئے عوام پر پییڑول بم گرا کر ان کا معاشی قتل کیا ہے۔ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں آئی ایم ایف کی خواہش پر بے تحاشا اضافہ کیا گیا۔
قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی کی مشکلات مزیدبڑھیں گی اب بجلی کی قیمت میں بھی مزید اضافہ ہونے جارہا ہے جو ظالم کی انتہا ہے۔ جماعت اسلامی پاکستان ملک میں واحد جماعت ہے جو اس ظلم کے خلاف عوام کے ساتھ شانہ بشابہ کھڑی ہے اور عوام کا دکھ اور درد سمجھتی ہے۔ اس لیے گورنر ہاؤس لاہو رکے باہر جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام 3 روزہ 21 ستمبر سے شروع ہونے والے بجلی، پیڑول اور مہنگائی کے خلاف احتجاجی دھرنے میں ہرمہنگائی کے متاثرہ شہری کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ ہماری جدوجہد کا حصہ بنیں۔
اجلاس میں پیٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی اجتماعی طور پر مذمت کی گئی اور اس ظلم کے خلاف شہر لاہور کی عوام کو منظم کرنے اور پرامن دھرنا میں شرکت کی دعوت کی حکمت عمل طے کی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور خالد احمد بٹ، نائب امراء لاہور، ڈپٹی سیکرٹریز لاہور، صدر و سیکرٹریز جے آئی یوتھ لاہور، امراء اضلاع و سیکرٹریز ، زونل نظم و صدرو سیکرٹریز موجود تھے۔