ریاست ہر مظلوم کی آواز بنے گی، کسی شہری کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی، وزیراعظم آزاد کشمیر

269

مظفرآباد: وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چودھری انوارالحق نے کہا ہے کہ وکلا، تاجر، سول سائٹی میری طاقت ہیں، عوام میرا ساتھ دیں تو آزادکشمیر کے عوام کی فلاح اور پاکستان کو روشن رکھنے کے لیے بھرپور اقدامات کریں گے ہم سب کو خود احتسابی کے عمل سے گزرنا ہو گا۔

سینٹرل بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق کا کہنا تھا کہ پوری ریاست میں غیر سیاسی احتساب ہو گا۔ اگر ناکام ہوا تو استعفا دے کر چلا جاؤں گا۔ ریاست کے عوام کے حقوق کے لیے ہر فورم پر جاؤں گا۔ آزادکشمیر کے کسی بھی شہری کے ساتھ زیادتی نہیں ہو گی۔ عنقریب وزیراعظم آزادکشمیر کا پورٹل آر ہا ہے جس میں عوام اپنی شکایات بھیج سکیں گے۔ ریاست ہر مظلوم کی آواز بنے گی۔

انہوں نے کہا کہ اب تھانے کا ایس ایچ او خود ایف آئی آر لکھے گا اور عام آدمی کا مدعی ہو گا۔چمیبرز وکلا کا حق ہے اور انہیں ملے گا۔ آنے والا وقت بہتری کی طرف جائے گا۔ میری موجود گی میں کوئی کشمیر پر سودے بازی کرنے کا تصور بھی نہ کرے۔ کشمیر کا مقدمہ ڈنکے کی چوٹ پر لڑوں گا۔  ایسا نظام بنائیں گے تاکہ سیاسی، سفارتی طور پر کشمیریوں سے کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہو سکیں۔ وقت آگیاہے کہ ہمیں اپنی قومی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہے۔

چودھری انوار الحق نے کہا کہ جب تک اشرافیہ بجلی کے بلز ادا نہیں کرے گی اس وقت تک عام آدمی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔ غریب عوام تک روٹی کے دو لقمے پہنچانے میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا ہے اعلان نہیں کرتا اور نہ ہی مطالبے کی ضرورت ہوگی جس کا حق ہو گا اس کو ملے گا۔

تقریب سے سینئر وزیر کرنل وقار نور، وزرا عبدالماجد خان، چودھری محمد رشید، جاوید بٹ، اکمل سرگالہ، اکبر ابراہیم، چودھری اخلاق، سردار میر اکبر، عامر الطاف، راجہ محمد صدیق، دیوان علی چغتائی، نثا انصر ابدالی، اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد، سینٹرل بار ایسو سی ایشن اور سینئر وکلا کی کثیر تعداد موجود تھی۔