ایشیا کپ:سری لنکا اور بھارت کے مابین فائنل کل کھیلا جائے گا

573
festival

کولمبو: ایشیا کپ کا فائنل بھارت اور سری لنکا کی ٹیموں کی درمیان کل کھیلا جائے گا ۔ دونوں ہی ٹیمیں ایونٹ جیتنے کی خواہاں ہیں تاکہ ورلڈ کپ میں پراعتماد انداز میں شرکت کی جا سکے۔

کرکٹ شائقین ایشیا کپ کا فائنل بھارت اور پاکستان کے درمیان دیکھنے کے لیے پرامید تھے لیکن ایشیا کپ میں قومی ٹیم کی بری کارکردگی نے شائقین کی امیددوں پر پانی پھیر دیا اور سری لنکا اور بھارت کی ٹیمیں اب فائنل میں آمنے سامنے ہیں جو اب تک مجموعی طور پر 13 ٹائٹل جیت چکی ہیں۔

بھارت کی ٹیم ایشیا کپ میں ناقابل شکست تھی لیکن بنگلا دیش کے خلاف سپر فور رانڈ میں شکست کے بعد بھارت کی ٹیم کو کسی حد تک دھچکا لگا ہے تاہم یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اس میچ میں بھارت کو چند اہم کرکٹرز کی خدمات حاصل نہیں تھیں جن میں ویرات کوہلی، ہردک پانڈیا، کلدیپ یادیو، محمد سراج اور جسپریت بمراہ شامل ہیں۔

266 رنز کے تعاقب میں شبمن گل نے 121 رنز کی اننگز کھیلی لیکن اس کے باوجود بھارت کو کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں 6 رنز سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔سنچری بنانے والے شبمن گل نے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ اس شکست سے ہمارا مومینٹم خراب ہوا ہے، ہم نے اچھی کرکٹ کھیلی ہے، کبھی کبھار ان وکٹوں پر ایسا ہوتا ہے، میں وکٹ پر سیٹ تھا اور مجھے میچ ختم کرنا چاہیے تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت کی ٹیم آٹھویں مرتبہ ایشیا کپ جیتنے میں کامیاب رہتی ہے تو یہ 5 اکتوبر سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ سے قبل ہماری ٹیم کے اعتماد میں بے انتہا اضافے کا سبب بنے گا۔

ایشیا کپ میں بھارت نے اپنی مہم کا آغاز پاکستان کے خلاف میچ سے کیا تھا لیکن پالے کیلی میں کھیلا گیا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا جس میں بھارت کے بلے بازوں نے ابتدا میں جلدی وکٹیں گرنے کے باوجود 266 رنز بنا لیے تھے۔

نیپال کو باآسانی شکست دینے کے بعد سپر فور رانڈ کے میچ میں ویرات کوہلی اور لوکیش راہل کی سنچریوں کی بدولت مہمان ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 356 رنز بنا کر پاکستانی بیٹنگ لائن کی درگت بنا دی تھی اور اس کے بعد بھارتی بالرز نے بھی پاکستانی بیٹنگ لائنن کو ڈھیر کر کے میچ میں 228 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی تھی۔