حکومت نے بجلی سستی نہ کی تو اسلام آباد کی طرف بڑھیں گے، پروفیسر محمد ابراہیم

289
the rulers

پشاور:امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ہر صورت 18 ستمبر کو گورنر ہاوس کے سامنے دھرنا دے گی، اب پانی سر سے اوپر ہوچکا ہے، نگران حکومت نے مہنگی بجلی سستی کرنے کی بجائے بجلی چوروں کے خلاف کارروائیوں کا لولی پاپ تھما دیا ہے۔

پروفیسر ابراہیم خان نے کہاکہ  بجلی کی مفت خوری سب سے بڑی بجلی چوری ہے اس لیے بجلی چوروں سے پہلے بجلی کے مفت خوروں کے خلاف کریک ڈاون کیا جائے، حکومت بجلی بلوں میں رعایت کے لیے بھی آئی ایم ایف سے اجازت لے رہی ہے، غلامی کی اس سے بدترین مثال اور کیا ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ   جماعت اسلامی عوام کی آواز بن چکی ہے، بجلی بلوں اور مہنگائی میں اضافے کے خلاف کامیاب شٹر ڈاون ہڑتال کے بعد چاروں صوبوں کے گورنر ہاوسز کے سامنے دھرنے دیں گے۔ حکومت نے بجلی سستی اور بلوں میں ریلیف سمیت مہنگائی کم نہ کی تو اسلام آباد کی طرف بڑھیں گے۔

پروفیسر کا کہنا تھا کہ   جماعت اسلامی ملک و قوم کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے جدوجہد کررہی ہے، اس وقت ملک میں معاشی بحران سر چڑھ کر بول رہا ہے، 18ستمبر کے دھرنے میں اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔