سپریم کورٹ: پرویز مشرف کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی نظر ثانی درخواست خارج

215

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق صدر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی نظر ثانی درخواست خارج کردی۔

سابق صدر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے نظرثانی درخواست پر جسٹس جمال خان مندوخیل جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔

دوران سماعت جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ یہ درخواست تو غیر موثر ہوچکی ہے۔ اس پر وکیل توفیق آصف نے کہا کہ مقدمہ 6 سال بعد لگے گا تو غیر مؤثر ہی ہوگا، گزشتہ روز تو فل کورٹ ریفرنس میں بھی مقدمات کی سماعت مقرر نہ ہونے پر بات ہوئی۔

بعدازاں سپریم کورٹ نے نظر ثانی درخواست غیر موثر ہونے پر خارج کر دی۔ خیال رہے کہ آئین معطل کرنے اور غداری سمیت متعدد مقدمات کا سامنا کرنے والے سابق صدر پرویز مشرف 5 فروری 2023 کو انتقال کر گئے تھے۔