ایشیا کپ: بھارت نے پاکستان کو 228 رنز سے شکست دے دی

585

کولمبو: ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت نے پاکستان کو 228 رنز  کے بھاری مارجن سے بری طرح شکست دے دی، بھارت کے 357 رنز کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 32 اوورز میں 128 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

ایشیا کپ کے میچ میں  نسیم شاہ اور حارث رؤف انجری کی وجہ سے بیٹنگ کیلئے نہیں آسکے، بھارت کی طرف سے کلدیپ یادیو نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ہارڈیک پانڈیا، شاردل ٹھاکر اور جسپریت بمراہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

 پاکستان کی ون ڈے کی تاریخ میں رنز کے اعتبار سے یہ دوسری بدترین شکست ہے، اس سے قبل پاکستان 2009 میں سری لنکا سے 234  رنز سے ہارا تھا، قبل ازیں پاکستان اور بھارتی ٹیم کے اسٹیڈیم پہنچتے وقت بارش شروع ہوئی اور چند گھنٹوں بعد بارش تھم گئی تاہم اوورز میں کوئی کمی نہیں کی گئی۔