اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے حج 2024ء کے سلسلے میں حاجیوں کی سہولت کے لیے بڑے فیصلے کیے ہیں۔
وزیراعظم ہاؤس پریس ونگ سے جاری خبر کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت حج 2024ء کے لیے پیشگی تیاریوں کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس یں نگراں وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد، سیکرٹری وزارت مذہبی امور اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں وزیر اعظم کو حج 2024ء کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم نے نگران وزیرِ مذہبی امور اور سیکریٹری مذہبی امور کو سعودی عرب کا دورہ کرنے، خود حج 2024ء کی تیاری کی نگرانی کرنے اور مفصل رپورٹ مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے حج انتظامات کے جائزے کے لیے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
نگراں وزیراعظم نے وزارت مذہبی امور کو حج 2023ء کے حوالے سے حجاج کی شکایات پر جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے وزارت مذہبی امور اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو باہمی اشتراک سے حجاج کی سہولیات اور شکایات کے اندراج کے لیے موبائل ایپلی کیشن اور ویب سائٹ بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے نجی حج کمپنیوں کے حوالے سے شکایات پر رپورٹ پیش کرنے اور اس نظام کے لیے اصلاحاتی کمیٹی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نجی کمپنیوں کی کڑی نگرانی کرکے یقینی بنایا جائے کہ ان کے توسط سے جانے والے حاجیوں کوبھی کسی قسم کی مشکلات نہ پیش آئیں۔
انہوں نے کہا کہ حجاج کے لیے کیے جانے والے انتظامات پرکسی قسم کا سمجھوتا نہ کیا جائے۔