لیسکو ریجن میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری، 97 مقدمات درج

627

لاہور: لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن پانچویں روز بھی جاری رہا، اس دوران اب تک 97 مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

ترجمان لیسکو کے مطابق پانچویں روز کے آپریشن کے دوران تمام سرکل میں 194کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ تمام بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائر کر دی گئی ہیں، جن میں سے97ایف آئی آرز رجسٹرڈ ہو چکی ہیں جب کہ آپریشن کے دوران25 ملزمان کو گرفتار بھی کیا جاچکا ہے۔

پکڑے جانے والے کنکشنز میں ایک انڈسٹریل،ایک زرعی،7کمرشل اور 185ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کر کے ان کو528,700  یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کیے گئے ہیں جن کی رقم 24,168,122 (2  کڑور 41  لاکھ 68 ہزار 122)روپے  ہے۔بجلی چوروں کے خلاف کیے جانے والے آپریشن میں اہم شخصیات بھی بجلی چوری میں ملوث پائی گئیں اور  ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کیے گئے۔

ترجمان کے مطابق 5 روز کے آپریشن کے دوران کل 1273کنکشن چیک کیے گئے۔ 1272 کنکشن کے خلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے 796درخواستیں   رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔کل 83ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ بجلی چوروں کو اب تک 4,277,577یونٹس چارج کیے گئے ہیں جن کی رقم (181,028,266)18 کڑور 10 لاکھ 28 ہزار 266 روپے ہے۔