نئی دہلی:ہندوستان میں مسلمانوں اور دلتوں کے ساتھ ساتھ عیسائیوں کے خلاف حملوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عیسائیوں کے معاملات پر سرگرم دہلی کی ایک سول سوسائٹی تنظیم یونائیٹڈ کرسچن فورم(یو سی ایف)نے ایک رپورٹ جاری کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ رواں سال 2023 کے پہلے 8 مہینوں میں ہندوستان میں عیسائیوں کے خلاف 525 حملے ہو ئے ہیں۔
اگر یہ ٹرینڈ جاری رہا تو ہندوستان میں عیسائی کمیونٹی کے لیے یہ اب تک کا سب سے مشکل اور پرتشدد سال ثابت ہوگا اور 2021 اور 2022 کے ریکارڈکو توڑ دے گا۔منی پور میں تشدد کے پیش نظر اس سال اس میں خصوصی طور پر اضافہ ہونے کا امکان ہے، جہاں گزشتہ چار مہینوں میں سینکڑوں گرجا گھر تباہ کر دیے گئے ہیں۔
سپریم کورٹ میں دائر ایک درخواست میں تباہ کیے گئے عبادت گاہوں کی تعداد 642 بتائی گئی ہے۔ جون میں امپھال کے آرچ بشپ نے کہا تھا کہ صرف 36 گھنٹوں میں 249 گرجا گھر تباہ کر دیے گئے ہیں۔