بھارت میں کولر سے پانی پینے پر استاد کا نچلی ذات کے طالبعلم پر تشدد

408

نئی دہلی : بھارت میں ایک ہندو انتہا پسند استاد نے اپنے واٹر کولر سے پانی پینے پر نچلی ذات کے طالبعلم کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست راجستھان کے شہر بھارت پور کے سرکاری اسکول میں پیش آیا جہاں ایک پیاسے طالبعلم کو استاد نے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا۔

پولیس کے مطابق طالبعلم کی جانب سے بتایا گیا کہ اسکول میں پینے کا پانی ختم ہوگیا تھا جس کے باعث اس نے اور اس کے دوستوں نے پیاس لگنے پر استاد کے واٹر کولر سے پانی کو اپنی بوتلوں میں بھر لیا جس پر استاد نے غصے میں آکر تشدد کا نشانہ بنایا۔

واقعے کے بعد متاثرہ طالبعلم کے والدین اور دلت ذات کے افراد نے اسکول پر حملہ کیا اور بچے کو تشدد کا نشانہ بنانے والے استاد گنگا رام گجر کے خلاف احتجاج بھی کیا۔

پولیس کا بتانا ہے کہ طالبعلم کے بھائی کی جانب سے استاد کے خلاف مقامی پولیس اسٹیشن میں شکایت بھی درج کرائی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق ساتویں جماعت کے طالبعلم کا طبی معائنہ کروا لیا گیا ہے اور استاد کو تفتیش کیلئے حراست میں بھی لے لیا گیا ہے۔