عمران خان مخالفت کا الزام؛چیئرمین پی ایم انسپکشن کمیشن کو عہدے سے ہٹانے کیلئے درخواست دائر

247

اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی کی مخالفت کے الزام میں پی ایم انسپکشن کمیشن کے چیئرمین کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست دائر کردی گئی۔

انصاف لائرز فورم کے محمد قدیر حسین نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کروائی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ پرائم منسٹر انسپکشن کمیشن کے چیئرمین مظفر علی رانجھا  چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف تعصب رکھتے ہیں  اور اپنے اختیارات پی ٹی آئی امیدواروں کے خلاف استعمال کریں گے۔

ان کی اس عہدے پر موجودگی ملک میں آزادانہ و شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے سخت خطرہ ہے۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ شہباز شریف نے بطور وزیراعلی پنجاب بریگیڈئر (ر) مظفر علی رانجھا کو ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب تعینات کیا، تاہم تحریک انصاف نے اقتدار میں آکر انہیں ہٹا دیا تھا۔

سیکرٹری کابینہ نے سابق وزیراعظم شہباز شریف کی سفارش پر انہیں چیئرمین پی ایم انسپکشن کمیشن تعینات کیا۔ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں مقف اپنایا گیا ہے کہ مظفر علی رانجھا چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف تعصب رکھتے ہیں ، ان کے دشمن ہیں اور اختیارات پی ٹی آئی امیدواروں کے خلاف استعمال کریں گے۔

پی ایم انسپکشن کمیشن کے عہدے پر ان کی موجودگی ملک میں آزادانہ و شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے سخت خطرہ ہے۔

درخواست کے مطابق چیئرمین پی ایم انسپکشن کمیشن سیاسی طور پر تعینات  ہیں، اگر نگراں حکومت  میں بھی کام کریں گے تو آئندہ عام انتخابات میں دھاندلی  کا امکان ہے۔ استدعا ہے کہ انہیں فوری طور پر کام سے روکا جائے اور چیئرمین پرائم منسٹر انسپکشن کمیشن کے عہدے سے ہٹانے کے احکامات جاری کیے جائیں۔