اسلام آباد:نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ چترال واقعہ کا افغان حکومت سے کوئی تعلق نہیں ۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خارجہ امور کو بریفنگ دیتے ہوئے نگراں وزیر خارجہ نے کہاکہ امریکی سفیر کی چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات پر اعتراض نہیں کیا جا سکتا یہ معمول کا معاملہ ہے 2005 ء کے پاک امریکا دفاعی (زمینی فضائی )تعاون کے توسیعی معاہدے کی تجدید نہیں دی گئی یہ معاہدہ شہباز شریف کابینہ کے آخری اجلاس میں پیش کیا گیا تھا مگر اسے آئندہ حکومت کے لیے ملتوی کر دیا گیا ۔
قائمہ کمیٹی خارجہ امور کا اجلاس چیئرمین سینیٹر فاروق ایچ نائیک کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا ۔ برکس کی رکنیت نان کیئریر اور سیاسی سفراء کی تقرریوں سے متعلق پر معاملات پر بریفنگ دی گئی جبکہ سینیٹر عبد الغفور حیدری اور سینیٹر مشاہد حسین نے دہشت گردی سے متعلق معاملات کو زیر بحث لانے کا مطالبہ کیا ۔
اجلاس کے دوران جے یو آئی کے رہنما چترال واقعہ پر قرار داد لانا چاہتے تھے مگر اجازت نہیں ملی اور انہیں مشورہ دیا گیا کہ یہ معاملہ دفاع اور داخلہ کمیٹی سے متعلق ہے وہاں قرار داد منظور کروائی جا سکتی ہے ۔ چیئرمین سینیٹ کے استفسار پر وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ برکس کی توسیع مختلف ممالک کی ابھرتی ہوئی معیشتوں کے حوالے سے ہو رہی ہے ۔