اسلام آباد ، کوئٹہ: حکومت کی جانب سے چینی مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کے بعد مختلف شہروں میں چینی کی قیمتوں میں مزید کمی آگئی۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں فی کلو چینی کی قیمت میں مزید 20 روپے کی کمی ہوگئی جس کے بعد ایک کلو چینی 200 روپے میں فروخت کی جارہی ہے جب کہ بعض علاقوں میں چینی 205سے 210 روپے کلو فروخت ہو رہی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کے بعد چینی کی فی کلو قیمت 190روپے ہوگئی ہے۔
دوسری جانب پشاور میں ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت میں 3 روپے کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد ہول سیل میں چینی کی فی کلو قیمت 172 روپے ہوگئی۔
ڈیلرز کے مطابق ہول سیل میں چینی کی 50 کلو کی بوری کی قیمت 8 ہزار 600 روپے ہوگئی ہے جب کہ پرچون میں چینی فی کلو 190 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔
علاوہ ازیں پنجاب کی شوگر ملوں کا ایکس مل ریٹ بدستور 170 روپے کلو پر برقرار ہے جب کہ اوپن مارکیٹ میں چینی180 سے 190 روپے کلو فروخت ہو رہی ہے۔
شوگ ڈیلرز کے مطابق جنوبی پنجاب کی چینی ملوں کا ہول سیل ریٹ 155 روپے کلو پر آگیا اور سینٹرل پنجاب کی چینی ملوں کا ہول سیل ریٹ 159روپے کلوپرآگیا ہے۔